
کراچی(رنگ نو ڈاٹ کام ) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ کہ
"آئندہ مہینوں میں مہنگائی توقعات سے زیادہ ہوگی " کو حکومتی دعوؤں کی نفی اور وزیراعظم عمران خان کی معیشت میں بہتری آنے کے بیانات کو غلط کردیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی میںاضافہ برقرار، معاشی سرگرمیوں میں سست روی ،آٹو انڈسٹری،غذائی صنعتوں ،سیمنٹ اور تعیراتی پیداوار میں کمی کا برقرار رہنا موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خاص طور پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تمام مخالف سیاسی جماعتوں کو چور اور کرپٹ ثابت کرنے، تحریک انصاف کو عوام کا نجات دہندہ ثابت کرنے اور تبدیلی کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے اقتدار میں آئے ،پہلے سو دن میں انقلاب کے دعوے کرنے والی حکومت نے نیا پاکستان بنانا تو درکنار پرانے پاکستان کی بھی اینٹ سے اینٹ بجاکر رکھ دی ہے، 20کروڑ عوام آج موجودہ حکومتی پالیسیوں اور جھوٹے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے تنخوادار معاشی ٹیم کا قوم کو 17روپے کلو ٹماٹر فراہم کرنے کے تاریخی جھوٹ سے لیکر مہنگائی میں کمی، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانے جیسے دعوے کرکے اس قوم کا مذاق اڑایا ہے، عوام موجودہ حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں۔
کاشف شیخ سابق حکمرانوں نے بھی اپنی تجوریاں بھرنے اور ڈیل اور ڈھیل کے چکر میں عوام کو فراموش کردیا ہے، پاکستان اس وقت معاشی، سیاسی اور مہنگائی کے بحران کی وجہ سے شدید تر مشکلات کا شکار جبکہ عوام دووقت کی روٹی کیلئے دربدر ہوکر حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ اب تبدیلی اور نئے پاکستان کے دعویداروں سمیت روٹی کپڑا اور مکان،ووٹ کو عز ت دو“ کا نعرہ لگانے والے سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دے تاکہ ملک اور عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی آسکے۔














