
سکھر(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کوپچاس لاکھ روپے زر ضمانت پر رہاکردیا گیا ۔
۔ سیشن کورٹ سکھر نے ان کے وکیل کی جانب سے پی آر بانڈ جمع کرانے کے بعد رہا کرنے کا آرڈر جاری کیا ۔خورشید شاہ کو احتساب عدالت کے جج امیر علی مہیسر کے چھٹی پر ہونے کے باعث سکھر کی سیشن کورٹ میں سیشن جج سید شرف الدین شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انہیں این آئی سی وی ڈی سے ایمبولینس میں عدالت لایا گیا رہائی کے بعد خورشید شاہ کافی پرجوش نظر آئے اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی رہائی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ رہائی پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔ رہائی پر خوشی ہورہی ہے اگر ملک میں اسی طرح انصاف ہوتا رہا تو ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
خورشید شاہ کا کہناتھا کہ جو لوگ مجھے جانتے ہیں انہیں پتا ہے کہ میں نے علاقے اور ملک کی کتنی خدمت کی ہے اور میں اس ساری صورتحال کے بعد بھی علاقے اور ملک کے لیے کام کرتا رہوں گا میرے ساتھ جو ہوا ہے اس پر دکھ ضرور ہے۔
گرفتاری سے میری 32 سالہ سیاسی زندگی متاثر ہوئی ہے اب خود چاہتا ہوں کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے میں جے آئی ٹی، نیب و دیگر اداروں سے تعاون کروں گا ،جو وہ سوالات کریں گے ان کا جواب دوں گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اگر میری رہائی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے تو مجھے امید ہے ہائی کورٹ بھی یہی فیصلہ کرے گی۔














