
راولپنڈی(ویب ڈیسک )پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آج کا
فیصلہ تاریخی ہے۔ مشرف نے 2 مرتبہ آئین توڑاایسے فیصلوں سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوتا ہے۔
بے نظیر بھٹو کے جائے شہادت پر فاتحہ خوانی کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 کے تحت فیصلوں کے بعد آئندہ کوئی ڈکٹیٹر آئین کی پامالی کا حوصلہ نہیں کرے گا۔ لیاقت باغ میں 12 سال قبل شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے آخری خطاب کیا ۔اس لئے راولپنڈی اور لیاقت باغ کی ایک تاریخی حیثیت ہے گڑھی خدا بخش کی بجائے راولپنڈی میں خطاب کا فیصلہ چیئرمین بلاول بھٹو نے کیا ہے 12 سال سے اس ملک میں جمہوریت ہے۔ بلاول بھٹومیں یہ کمٹمنٹ ہے کہ وہ اپنے عہد کولے کر آگے بڑھیں گے بی بی کو شہید کرکے وفاق کی زنجیر کوتوڑنے کی سازش کی گئی۔ پارٹی چاہتی ہے کہ بلاول بھٹوبھی وفاق کی زنجیر بنیں ملک بھر سے بڑے قافلے لیاقت باغ پہنچیں گے جلسے میں مختلف مزدور تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ میں ہونے والے جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام کارکن بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی ضلعی صدر سمیرا گل ، حفظہ بخاری، سعدیہ عبای اور دیگر خواتین کے علاوہ پارٹی کارکن بھی موجود تھے ۔




































