
کراچی( رنگ نو ڈاٹ کام ) ہیومن رائٹس نیٹ ورک تحت مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے
سلسلے میں ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا،جس کی صدارت صدر انتخاب عالم سوری نے کی۔
اس موقع پر جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر ،خالدجمال، وسیم فاروقی، شیخ ارشد اورحاجی شریف سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔
اجلاس میں اتوار26جنوری کو کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
انتخاب عالم سوری نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا ہے، حکومت کے تمام دعوﺅں کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی ، گیس اور دیگراشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کا جینا محال کردیا گیا ہے۔آج اچھا وزیرخزانہ اسے سمجھا جاتا ہے جو زیادہ قرض لیتا ہے۔
انتخاب عالم سوری نے کہا کہ بجلی کا چند ہزار بل نہ دینے والے کو تو پکڑ کر جیل بھیج دیا جاتا ہے مگر ملک پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لادنے والوں کو کوئی نہیں پوچھتا۔
شہزاد مظہر نے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے انتظامات کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا مختلف سول سائٹیز نے اس احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاجربرادری نے بھی احتجاج میں شریک ہونے کا کہا ہے، احتجاجی مظاہرے میں تما م شعبہ جات کے افراد شرکت کر کے مہنگائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔














