اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات

راولپنڈی (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے

ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال سمیت افغان مہاجرین کے معاملے ، افغان مصالحتی عمل اور مسئلہ کشمیر کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے پیر کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے ۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان "مستحکم ، پرامن اور معمول کے پاکستان" کے حصول کے لئے باہمت اور پرعزم ہے ۔ معززمہمان شخصیت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کے کردار اور دہشت گردی کے انسداد میں غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کشمیر میں ہندوستان اور پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کو مکمل رسائی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سلامتی کی بہتر صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کی جانب مثبت کوششوں کو سراہا۔