
لاہور (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب)لاہور دفتر نے قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر دفاع
خواجہ محمد آصف کو کل (جمعہ)کے روز کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں طلب کر لیا۔
نیب لاہور نے خواجہ آصف کو کل جمعہ کے روز دن11بجے طلب کیا ہے۔ نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف نے دستیاب زمین سے زائد زمین فروخت کی اور اس طرح انہوں نے اختیارات کا ناجائز اختیار استعمال کیا۔ خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے زیادہ فائلیں فروخت کر دیں تاکہ بعد میں انہیں ایڈجسٹ کیا جاسکے۔ نیب نے انکوائری میں خواجہ آصف کے اہلخانہ کو بھی شامل کیا تھا اور خواجہ آصف کی پیشی کے بعد ان کے اہلخانہ کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔
نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف ہاؤسنگ سوسائٹی کے حوالہ سے تمام دستاویزات ساتھ لے کر آئیں تاکہ کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔ واضح رہے کہ سوسائٹی کے متاثرین کی جانب سے خواجہ آصف اور ان کے دیگر اہل خانہ پر الزام لگایا تھا کہ اربوں روپے اکٹھے کرنے کے باوجود ابھی تک سوسائٹی ڈویلپ نہیں کی جاسکی اور انہیں پلاٹ نہیں دیئے جاسکے اور ان کے اربوں روپے ڈوب رہے ہیں۔ نیب لاہور نے ان شکایات کا نوٹس لے کر خواجہ آصف اور دیگر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔














