پنجاب میں کوروناسے وفات پانے والے افراد کی تدفین کے ایس او پیزتبدیل

لاہور(ویب ڈیسک)پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے باعث وفات پانے والے افراد کی تدفین کیلیے بنائے گئے ایس اوپیز تبدیل کردیئے۔ نئے ایس او

پیز کے مطابق اہل خانہ میت کو غسل دینے اور جنازے میں شرکت کرسکیں گے۔ پنجاب حکومت نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ایس او پیز کے تحت اب میت کو غسل دینے کے دوران خاندان کے افراد بھی شامل ہو سکیں گے۔ میت کو کندھا دیا جا سکے گا۔ تابوت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
میت کا چہرہ دیکھا جا سکے گا جبکہ جنازے میں فاصلہ رکھا جائے گا۔غسل و تدفین لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ کے افراد کی ہی بنیادی ذمہ داری ہو گی۔اہل خانہ کو اس عمل میں شامل رکھا جائے گا۔
غسل کے دوران PPEs کا استعمال کیا جائے گا۔منہ، ناک، آنکھوں اور کانوں کو احتیاط سے دھویا جائے گا تاکہ چھینٹیں نہ پڑیں۔کسی کھلے ہوئے زخم کو صاف کیا جائے گا۔نئے ایس اوپیز پر فوری عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔