
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پولیس ملازمین کی ترقیاں کالعدم قرار دینے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پنجاب پولیس
افسران کی ترقیوں سے متعلق درخواستیں مستردکردی ہیں۔
منگل کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد اورجسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پولیس ملازمین نے ترقی کے لیے کونسا امتحان پاس کیا؟ایسا کونسا امتحان ہے جسکا ریکارڈ نہیں ہے؟
چیف جسٹس نے واضح کیا کہ کسی سرکاری ملازم کو قانون سے ہٹ کر ترقی نہیں دی جا سکتی، جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھاکہ جس قانون کا حوالہ دیا جارہا ہے وہ ختم ہوچکا ہے جو قانون موجود نہیں اس پر انحصار کیسے کیا جا سکتا ہے؟۔
عدالت کو وہ قانون بتائیں جس کے تحت ترقی پانے ملازمین نے ایک سال میں دو کورس پاس کیے،درخواست گزاروں کے وکلا عدالتی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے اور نہ ہی کوئی دستاویز پیش کر سکے۔عدالت نے پولیس ملازمین کی اپیلیں مسترد کرکے سروس ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا، یاد رہے کہ حکومت نے پولیس ملازمین کی ترقی کے فیصلے واپس لے لیے تھے اور ملازمین محکمانہ فیصلہ کیخلاف سروس ٹریبونل میں چلے گئے تھے۔














