بچوں سے بد فعلی،مجرم کو جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزاکا قانون منظور

مظفرآباد(ویب ڈیسک)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی نے بچوں کے ساتھ بد فعلی کرنے والے کو سزا ئے موت، عمر قید، جرمانہ یا پھر جنسی

صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا دینے کا قانون منظور کر لیا ہے۔
اسمبلی میں کریمنل ترمیمی ایکٹ کے حوالہ سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادری نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی ہمارے معاشرے میں عام ہو چکی ہے جس کے تدارک کے لیے یہ قانون لایا گیا ہے۔ پہلے سے موجود قانون میں سزا کم ہونے کی وجہ سے لوگ ایسے کیسز رپورٹ ہی نہیں کرتے تھے۔ جبکہ حدود کیسز میں شہادت کے طریقہ کار کی وجہ سے اکثر بے گناہ پھنس جاتے تھے اورگناہ گار بری ہو جاتے تھے۔
اس قانون کے تحت اگر کوئی شخص 18سال سے کم عمر بچوں کے ساتھ بد فعلی کرے گا،تو عدالت کا اختیار ہو گا کہ وہ اسے سزا موت، عمر قید، جرمانہ یا پھر جنسی صلاحیت سے محروم کرنے کی سزا دے سکتی ہے۔
اگر کوئی شخص بدفعلی کی کوشش کرے گا تو اس کے لیے بھی 5 سے 10سال تک کی سزا رکھی گئی ہے۔قانون کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اس کی تفتیش کم از کم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کی سطح کا آفیسرکر سکے گا، جبکہ ٹرائل سیشن کورٹ کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ 60ایام کے اندر کیس کا فیصلہ کرے۔ اگر مقررہ مدت میں کیسز کا فیصلہ نہیں ہوتا تو ٹرائل کورٹ اس کی معقول وجہ بتائے گی اور عدالت العالیہ سے مدت میں اضافے کی اجازت لے گی۔
اس موقع پر ممبر اسمبلی عبدالماجد خان کے سوال پر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ اکلاس کے جملہ معاملات طے کرنے کا طریقہ کار بھی اس ترمیمی ایکٹ میں وضع کردیا گیا ہے۔ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔