
راولپنڈی (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)عورت مارچ کے علمبردار اور عورتوں کے حقوق کا ڈنڈھوراپیٹنے والے نجی ٹی وی کے
پروڈیوسرعلی سلمان علوی اپنی ہی اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار،ملزم نے صدف زہرہ سے محبت کی شادی کی تھی اوران کی ایک بیٹی بھی ہے۔ملزم سے کئی خواتین کوبلیک میل کرکے ان سے رقم وصول کرنے کابھی انکشاف ہواہے جس کی وجہ سے میاں بیوی میں اختلافات شروع ہوئے۔ملزم کے درجن سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا بھی انکشاف ہوا ہے۔،ملزم عورت مارچ کے انتظامی کمیٹی کا متحرک رکن تھا مگر اندرون خانہ وہ اپنی بیوی پر تشدد کرتا رہا۔
پولیس نے راولپنڈی کی یوسف کالونی میں مبینہ طور پر بیوی کو قتل کرنے والے نجی ٹی وی چینل کے پروڈیوسر اور عورتوں کے حقوق کے علمبردارکو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم سلمان علوی نے اپنی اہلیہ صدف زہرہ کو قتل کرنے کے بعد اپنی خوارنسبتی(سالی)مہوش زہرہ نقوی کوفون کیا کہ میں برباد ہو گیا ہوں۔صدف نے کچھ کر لیا ہے تم جلدی آؤ۔اس کے بعد علی سلمان نے فون بند کردیا۔مہوش نے اپنے چھوٹے بھائی فہد کوکال کی کہ علی سلمان نے بتایا ہے کہ صدف نے کچھ کر لیا ہے ہمیں ان کے گھر چلناہوگا۔مہوش کے مطابق وہ اپنی والدہ اور اپنے خاوند کے ہمراہ پہنچی تو علی سلمان گھر کے دروازے پر کھڑا تھا۔ہم گھر میں داخل ہوئے تو علی سلمان نے کمرے کا دروازہ کھولا،میری بہن کمرے کے چھت والے پنکھے کے ساتھ لٹک رہی تھی اور پاس سیڑھی پڑی تھی۔
صدف کے گلے میں دوپٹہ اور بیڈ شیٹ کا پھندہ تھا۔میں نے اپنی بہن صدف کو قدرے اوپر اٹھایا اور بہنوئی علی سلمان سے کہا کہ جلدی سیڑھی پر چڑھ کر صدف کو اتاریں۔اتارنے پر معلوم ہوا کہ وہ مر چکی ہے۔صدف زہرہ کی بہن مہوش نے پولیس کو بتایاکہ علی سلمان میری بہن کو شروع سے ہی ذہنی و جسمانی تشدد کرتا تھا۔اسے کئی بار سمجھایا گیا مگر وہ تشدد کرنے سے بعض نہ آیا۔مہوش نے پولیس کوبتایا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ علی سلمان نے میری بہن کو قتل کیا ہے۔اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس نے وقوعہ کے روز ہی ملزم کو گرفتار کر لیا تھا اور اس پر پاکستان پینل کورٹ کی دفعہ 302 کے تحت قتل عمد کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ملزم اس وقت جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔پولیس مقتولہ صدف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اورفرانزک رپورٹ کی منتظر ہے جس کے بعد معلوم ہو سکے گا کہ انہوں نے خود کشی کی یا ملزم نے قتل کیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز سے سماجی رابطے کے مختلف سائٹس پر یہ معاملہ بڑے پیمانے پر زیر بحث ہے اور اس وقت ”جسٹس فار زہرہ“کے نام سے صفحہ اول کا ٹرینڈ بن چکا ہے جس میں صحافیوں اور زندگی کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے صدف زہرہ کے مبینہ قاتل سلمان علوی کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ صدف زہرہ کاعلی سلمان نقوی سے سماجی رابطہ کے ویب سائٹ پر تعارف ہوا،تعارف محبت میں تبدیل ہوااور محبت کے بعد مرحومہ صدف زہرہ نے اپنے گھر والوں کی مرضی کے بغیر علی سلمان سے شادی کر لی۔
صدف زہرہ کی قریبی دوست ایف عارف نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر گزشتہ دو دن سے کئی انکشافات اور بعض دستاویزی ثبوت اپ لوڈ کرتے ہوئے کہا کہ علی سلمان کے صرف صدف زہرہ سے روابط نہیں تھے بلکہ وہ ایک ہی وقت میں کئی عورتوں سے ہمدردی کے نام پر معاشقے کرتا رہا اور بعض عورتوں کو بلیک میل کر کے ان سے رقوم بھی حاصل کرتا رہا۔علی سلمان نقوی کے یہ روابط بیرون پاکستان بھی تھے۔ایف عارف نے اس حوالے سے ویسٹرن یونین کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی کئی رسیدیں اورعورتوں سے چیٹ کے دستاویزی ثبوت بھی اپ لوڈ کیے۔ایف عارف نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ مرحومہ صدف زہرہ نے شادی کے کچھ عرصہ بعد ہی ملزم علی سلمان کی مختلف خواتین سے چیٹ پکڑ لی جس پر ان کے اختلافات شروع ہوئے جو بعد میں تشدد کا رخ اختیار کر گئے۔
بڑا عرصہ صدف نے اس سارے ظلم کو تن تنہاء برداشت کیا اور اپنے والدین اور بہن بھائیوں کو نہ بتایا کیونکہ اس نے پسند کی شادی کی تھی مگر جب تشدد بڑھ گیا تو ایک بار وہ ناراض ہو کر میکے چلی گئیں بعد ازاں علی سلمان نے صدف زہرہ کویقین دہانی کروائی کہ وہ اسے ایک موقع دے دے اور واپس آ جائے۔بعدازاں وہ واپس آ گئیں وہ حاملہ تھی اس دوران بھی اس پر تشدد ہوتا رہا اور وہ برداشت کرتی رہیں۔بعد ازاں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تو صدف زہرہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ علی سلمان اب بیٹی کا باپ بن گیا شاید بدل جائے مگر نہ ہی اس کا تشدد روکا اور نہ وہ معاشقوں سے بعض آیا۔صدف کی دوست ایف عارف نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدف علی سلمان کے رویے سے تنگ آ چکی تھی اس کا خیال تھا کہ 20 جون 2020ء کو اپنی بیٹی کی پہلی سالگرہ کے بعد وہ کوئی فیصلہ کرے گی مگر علی سلمان نے صدف کے فیصلے سے قبل ہی 29 جون کواسے قتل کر دیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ علی سلمان اور صدف زہرہ کے ٹویٹس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ علی سلمان بظاہر عورتوں کے حقوق ہی نہیں بلکہ عورت مارچ کا بھی بڑا علمبردار تھا جبکہ صدف زہرہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ عورت مارچ کے خلاف تھی۔7 جنوری 2020ء کے بعد کے ٹویٹس میں صدف زہرہ نے بظاہر اپنی ایک دوست پر گھریلو تشدد کے حوالے سے ٹویٹس کیں اور کہا کہ وہ عورت مارچ میں جائے گی،اپنی اور اپنی بیٹی اور مستقبل کی نسلوں کے حوالے سے بات کریگی۔
صدف کے ٹویٹس پر لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتہائی سلجی ہوئی خاتون تھی جو اپنے دکھ کو بیان کرنے کے بجائے اپنی کسی دوست کے حوالے سے لکھتی رہی مگر درحقیقت یہ ان کی اپنی کہانی تھی۔انسانی حقوق کی وزیر شیریں مزاری نے ایک اینکر پرسن کے ٹویٹ کے جواب میں کہا کہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہونے کی وجہ سے اس پر رد عمل نہ دے سکیں۔ایف آئی آر درج ہو چکی ہے،ملزم گرفتار ہے اب پوسٹ مارٹم اور فرانزک تفتیش جاری ہے۔ میں انصاف کے عمل کویقینی بناؤں گی۔دوسری جانب بعض لوگوں نے معروف صحافی اوراینکرپرسن عاصمہ شیرازی پر بلاوجہ تنقید کی جن کے پروگرام کے علی سلمان نقوی پروڈیوسر تھے۔
عاصمہ شیرازی نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ جب سے انہیں یہ خبر ملی وہ شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں جس میڈیا گروپ سے مذکورہ شخص وابستہ تھا اس گروپ نے واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے اور علی سلمان کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔عاصمہ شیرازی نے کہا کہ وہ کبھی صدف زہرہ سے نہیں ملی لیکن صدف زہرہ کے ٹویٹ پڑھ کے میں دل برداشتہ ہی نہیں بلکہ شدید صدمے سے دوچار ہوں اور میں امید کرتی ہوں کہ اس معاملے میں انصاف کا بول بالا ہوگا














