
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام ) الخدمت کراچی کے ” شعبہ صاف پانی “کی جانب سے واٹر پلانٹ کے ذریعے بلاتعطل
24گھنٹے پانی کی فراہمی کے منفرد نظام ” واٹر ڈسپینسنگ یونٹ “ کا افتتا ح کر دیا ۔ ” واٹر ڈسپینسنگ یونٹ “ کا افتتاح منگل کی دوپہر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کیا ۔ ۔افتتاحی تقریب سے چیف ایگزیکٹو الخدمت نو ید علی بیگ ،ڈائریکٹر شعبہ صاف پانی تحسین قاضی نے بھی خطاب کیا جبکہ ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ،زاہد عسکری ،جماعت اسلامی کے ضلعی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ الخدمت پورے ملک میں عوام کی بہترین خدمت کر ہی ہے ۔الخدمت کے تحت قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ پر اے ٹی ایم طرز کے کارڈ سے اب لوگ بلا تعطل پانی حاصل کر سکیں گے ۔الخدمت ایک روپے فی لیٹر میں عالمی معیار کا پینے کا پانی فراہم کر رہی ہے ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس وقت کراچی میں الخدمت کے 43آراوواٹر فلٹریشن پلانٹ کام کر رہے ہیں ۔آنے والے وقت میں تمام پلانٹس پر ” واٹرڈسپینسنگ یونٹ “ قائم کیا جائے گا ،جس سے لوگوں کو سہولت کے ساتھ بلا تعطل پانی ملے سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے 3کروڑ آبادی کا شہر پینے کے صاف پانی اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔این جی اوز کا کام حکومت کرنا نہیں ہوتا ان کا کام اپنی بساط کے مطابق لوگوں کی بھلائی کے کام کرنا ہوتا ہے ،بدقسمتی سے حکمرانوں نے عوام کیلئے کام کرنے کے بجائے انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا ہے۔کراچی کے بہت سے علاقوں میں پینے کا پانی دستیاب نہیں ہوتا وہاں ہم بورنگ کرواتے ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا الخدمت کو ملنے والے فنڈز انتہا ئی دیانتداری سے خرچ کیے جاتے ہیں ۔ملک میں جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے ۔الخدمت اور جماعت اسلامی کے کارکنان بطور رضاکار اپنی خدمات پیش کرتے ہیں ۔کورونا کی پہلی لہر اوربارشوں کے دوران بھی رضاکاروں نے بے مثال خدمات انجام دیں ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس مشکل صورت حال سے نمٹنے کا اعلان کیا تو جماعت اسلامی کے تمام کارکن بطور رضاکار میدان میں تھے ۔الخدمت اور جماعت اسلامی کے رضاکاروں نے اس دوران لاکھوں لوگوں کے گھروں پر رات کے اندھیرے میں راشن ،کھانا پینے کا پانی پہنچا یا۔ اس دوران ہم نے نہ ہی مذہب دیکھا ،نہ ہی کسی کی زبان ،ہم نے لوگوں کی بلاتفریق خدمت کی ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت زندگی کے تمام شعبوں میں کام کر رہی ہے ۔الخدمت نے زلزلوں میں بھی کام کیا ،سیلابوں اور طوفانی بارشوں میں بھی ،جماعت اسلامی اور الخدمت نے کراچی لے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ لوگ 73سال میں حکمران کراچی کو پینے کاصاف پانی نہیں دے سکے ۔K3منصوبہ نعمت اللہ خان نے بنایا ۔اس کے بعد انہوں نے K4منصوبہ پیش کیا ۔K4منصوبے کی پری فزیبلیٹی سابق ناظم کر اچی نعمت اللہ خان نے منظور کروائی ۔اس کے بعدآنے والی شہری حکومتوں نے اس منصوبے کو پس پشت ڈال دیا گیا اور اس پر کوئی کردار ادا نہیں کیا ۔K4 نہ بنا کر شہر کو پانی جیسی نعمت سے محروم رکھا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ افسوس کی بات ہے جولوگ عوام کے ووٹ لے کر حکومت میں آتے ہیں وہ عوام کو بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کرتے ۔ہم عوام ہر چیز پر ٹیکس دیتے ہیں ،مگر انہیں سہولتیں نہیں دی جاتیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک پر آئی ایم ایف کے غلام حکمران مسلط ہیں ،پی ٹی آئی ،پیپلز پارٹی اورن لیگ کی حکومتوں کا تسلسل ہے ،جب جماعت اسلامی عوام کی خدمت کر سکتی ہے تو حکومت عوام کی خدمت کیوں نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ کہ نعمت اللہ خان کے دورمیں فیڈربی ایریا جگمگا تا تھا آج اسے کھنڈر بنا دیا گیا ہے۔اسی لیے جماعت اسلامی عوام کی بات کرتی ہے اور حق دو کراچی کو مہم چلا رہی ہے ۔چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زندگی سے لیکر موت تک تمام شعبہ جات میں لوگوں کی خدمت کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا صاف پانی ،صحت تعلیم ،کفالت یتامیٰ ،مواخات اورڈیزاسٹر مینجمنٹ اور کمیونٹی سروسز کے شعبہ جات فعال کردار ادا کر رہے ہیں ۔الخدمت ملک بھر میں ہزاروں یتیموں کی ان کے گھروں پر کفالت کر رہی ہے ۔کمیونٹی سروسز میں میت بس سروس ،ہیلپ سینٹرزکے ذریعے لوگوں کی مدد کی جارہی ہے ۔بے روزگاروں کو چھوٹے بلاسود قرضے دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے کورونا کے دوران مثالی خدمات انجام دیں ۔لاک ڈاو¿ن سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی مدد کی ۔نجی وسرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹر وں اور پیر امیڈیکل اسٹاف کو پی پی ای کٹس فراہم کیں ۔اسپتالوں ،بازاروں ،اسکولوں ،مساجد ،امام بارگاہوں اور چرچز میں جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا ،آکسیجن سلنڈر اور پلز آکسو میٹرز بھی فراہم کیے گئے ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت ے گلشن معمار میں ”آغوش ہوم“ تعمیر کیا ہے جہاں پچوں کو انٹر تک رہائش ،خوراک ،صحت اور تعلیم سمیت تمام سہولتیں فراہم کی جا ئیں گی ۔تحسین قاضی نے کہا کہ الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹ پر ”واٹر ڈسپینسنگ یونٹ “ لوگوں کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کیلئے نصب کیا گیا ہے ، جس سے لوگوں کو پینے کے پانی کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو سکے گی۔














