
کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام ) الخدمت کراچی اور بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے اشتراک سے ”
پانی کے عالمی دن “ پر یو نیورسٹی کیمپس میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا،جس میں نہ صرف پانی کی اہمیت کا اجاگر کیا گیا بلکہ آلودہ پانی کو صحت کیلئے خطرہ اورصاف پانی کو انسانی زندگی کیلئے اہم قرار دیا گیا ۔سیمینار سے الخدمت کراچی کے چیف ایگزیکٹو نویدعلی بیگ ،ریجنل ہیڈورلڈ وائلڈ لائف طارق رشید ،جا معہ کراچی کے شعبہ ماحولیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر عامر عالمگیراور سیپا کی ڈائریکٹر سنیلہ کنول نے بھی خطاب کیا ۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کراچی کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ شہرمیں الخدمت کے 43واٹر فلٹریشن پلانٹ ہیں، جہاں عالمی معیارکے مطابق صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے ، جبکہ ہینڈ پمپس اور سمرسیبل پمپس بھی لگائے جاتے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کی ضرورت کے مطابق قریبی علاقوں میں پانی دستیاب ہو سکے۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ شہر کا ایک بڑا طبقہ مہنگا پانی نہیں خرید سکتا ۔ الخدمت شہر یوں کو اپنے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے معیاری پانی صرف ایک روپے فی لیٹر میں فراہم کر رہی ہے ۔
نوید علی بیگ نے مزید کہا کہ پانی کا عالمی معیار برقرار رکھنے کیلئے الخدمت نے ایک جدید واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی قائم کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت نے خودکار واٹر ڈسپینسنگ یونٹ قائم کر کے 24گھنٹے بلا تعطل پانی کی فراہمی کا آغازکردیا ہے اور یہ یونٹ تمام پلانٹس پر بتدریج نصب کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت شعور و آگہی کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف سیمینارز ورکشاپس اورواکس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں میں پانی کی اہمیت سے متعلق شعور اجاگر کیا جاسکے ۔سیمینار کے اختتام پر ” پوسٹر “ کمپٹیشن کے کامیاب طلبہ وطالبات میںالخدمت کی جانب سے انعامات تقسیم کیے گئے ۔














