پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے نتائج بڑا لمحہ فکریہ ہیں: ارشد اقبال بھٹہ

ملتان( ویب ڈیسک )پیپلزپارٹی پنجاب کونسل کےرکن و امیدوار این اے 156و پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہے کہ تعلیمی کرپشن کسی

بھی معاشرے کے زوال کی انتہا ہوتی ہے، جس معاشرے میں تعلیم اور صحت کاروبار بن جائے اسے تباہی سے کوئی نہیں روک سکتا۔

پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے نتائج بہت بڑا لمحہ فکریہ ہیں۔ ان نتائج نے تمام با شعور افراد کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ جس ملک کے تعلیمی نظام کا یہ حال ہو جائے اس ملک کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے۔

ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے جہاں سب شعبوں کا بیڑہ غرق کیا ہے وہاں تعلیم کے شعبے کو خاص طور پر ٹارگٹ کرکے تباہ کیا جا رہا ہے۔حکومت نے سب سے پہلے تعلیم کا بجٹ کم کیا پھر کالجوں یونیورسٹیوں کی فیسوں میں کئی سو گنا اضافہ کرکے تعلیم اتنی مہنگی کردی کہ غریب تو غریب اب مڈل کلاس کے لوگ بھی سرکاری تعلیمی اداروں کے اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔نئے کالج یونیورسٹیاں بنانے کی بجائے صرف کاغذوں میں سکولوں کو اپ گریڈ کرکے نئے کالج شو کرنا اور کالجز کو اپ گریڈ کرکے نئی یونیورسٹیاں شو کرنے سے تعلیم کا شعبہ اوپر جانے کی بجائے نیچے آیا ہےاور پھر سب کو پاس کرنے کی پالیسی نے تعلیم کا بیڑا ہی غرق کر دیا ہے۔

ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا کہ نمبروں کا لوٹ سیل میلہ لگا کر تعلیمی بورڈز کے کرپٹ افسران اور پرائیویٹ سکول کالج مالکان مافیا اربوں پتی تو بن گئے ہیں مگر ہماری نسلوں کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ معیاری تعلیم کی بات ہے اور اپنے دور حکومت میں تعلیم کا بجٹ بڑھایا، سستی تعلیم اور سب کیلئے تعلیم فراہم کی۔ان شاء اللہ اب بھی پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر عوام کے لیے بہترین تعلیمی پالسی بنائے گی جس میں غریبوں کے بچوں کو بھی برابری کی بنیاد پر مفت اعلی تعلیم کے مواقع ملیں گے ۔