الخدمت کے تحت یتیم بچوں کیلئے نو تعمیر شدہ” آغوش ہوم “نے کام شروع کر دیا

 کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کے تحت یتیم بچوں کیلئے نو تعمیر شدہ ”آغوش ہوم“ نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے ۔

اس پروجیکٹ کو 200یتیم بچوں کی رہائش کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ،جبکہ پہلے مرحلے میں 48بچوں کو داخلہ دیا جا رہا ہے ۔

ان بچوں کی رہائش ،خوراک اورعلاج معالجے کیلئے انتہائی اعلیٰ انتظامات کیے گئے ہیں ،جبکہ تعلیم وتربیت کیلئے کراچی کے ایک معروف تعلیمی چین کا خصوصی کیمپس بھی آغوش ہوم کی عمارت میں کام شروع کر چکا ہے ۔

اس آغوش ہوم کی تعمیر میں مخیر حضرات نے حصہ لیا ،جبکہ ان ہی کی مالی تعاون سے یہاں رہائش پذیربچوں کے کھانے پینے اورتعلیم کے اخراجات بھی کیے جا رہے ہیں ۔

الخدمت کے ایک اعلامیے کے مطابق اس سینٹر میں ابھی مزید یتیم بچوں کی گنجائش باقی ہے ۔شہر کراچی میں رہا ئش پذیر یتیم بچوں کے وہ سرپرست جو ان بچوں کی تعلیم اور دیگر اخراجات کی وجہ سے مالی طور پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں ، ان بچوں کا مستقبل تابناک بنانے اور انہیں مفیدشہری بنانے کیلئے اس آغوش ہوم میں داخل کرواسکتے ہیں ۔اس مقصد کیلئے االخدمت کے ہیڈ آفس نز اسلامیہ کالج دفتری اوقات میں رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔