حکیم محمد سعید شہید کی تعلیمی و طبی خدمات پر شوریٰ ہمدرد کا خصوصی اجلاس

کراچی( نمائندہ رنگ نو) شوریٰ ہمدرد کراچی کا ماہانہ اجلاس ’’حکیم محمد سعید کی تعلیمی وطبی خدمات‘‘ پر گزشتہ روز ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد

ہوا،جس کی سربراہی اسپیکر شوریٰ ہمدرد کراچی جسٹس (ر) حاذق الخیری صاحب نے کی۔

اجلاس میں صدر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد، جسٹس (ر) ضیا پرویز ، پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمد، ظفر اقبال ، کرنل (ر) مختار بٹ،محترمہ پروفیسر ڈاکٹر شاہین حبیب، ہمدرد یونی ورسٹی کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن اور ڈاکٹر ثناغوری نے شرکت کی۔   

جسٹس (ر) حاذق الخیری نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ یہ مجلس شہید حکیم محمد سعید کو اُن کی تعلیمی و طبی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی ہے۔ تاہم ماہ اکتوبر میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہم سے جدا ہوئے، اُن کا ذکر کرنا بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہالینڈ میں بہترین ملازمت پر مامور تھے، لیکن ۱۹۷۴ء میں ہندوستان کے ایٹمی تجربے کے بعد اُنہوں نےپاکستان واپس آکر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا اصولی فیصلہ کیا۔اُنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناکر اُنہوں نے قوم کی عظیم خدمت کی ہے، اُن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہید حکیم محمد سعید صاحب بصیرت اور دور اندیش تھے۔ ۲۳ مارچ ۱۹۴۰ ء کے بعد اُنہوں نےپاکستان کی خدمت کرنے کا تہیہ کرلیا تھا۔ تقسیم کے بعد پاکستان تشریف لائے اور پھر تمام عمر مملکت خدادا د کی خدمت کرتے رہے۔اپنی حیات میں پچاس لاکھ مرضاء کامفت طبی معائنہ کیا ۔دو سو سے زائد کتب تحریر کیں، جن میں کئی سفر نامے بھی شامل ہیں۔ ایسی کثیر الجہتی شخصیت پھر اس ملک میں دوبارہ نظر نہیں آئی۔

پروفیسر ڈاکٹر اخلاق احمدنے کہا کہ آج ڈاکٹر عبدالقدیر خان ہم میں نہیںرہے لیکن پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر وہ ہر پاکستانی کے دل میں رہیں گے۔ شہید حکیم محمد سعید کی شہادت پوری قوم کے لیے کسی سانحے سے کم نہیں۔

اُنہوں نے طب یونانی کی صنعت میں انقلاب برپا کیا۔ نئی نسل کے سامنے شہید حکیم محمد سعیدکو بہ طور رول ماڈل پیش کرنےکی ضرورت ہے ۔

ظفر اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر قدیرخان نے اپنی انتھک کوششوں سے پاکستان کو دفاعی اعتبارسےتو خود انحصاری کی منزل پر پہنچا دیا ،لہٰذا ڈاکٹر قدیر خان جیسے شخص کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ تو یہ ہے کہ ہم سب ان کی بے توقیری کا اعتراف کریں اور اپنے قومی ہیروز پر فخر کرنا سیکھیں۔

شہید حکیم محمد سعید نے ملک میں تعلیم کے فروغ میں گراں قدر قومی خدمات انجام دی ہیں۔ حتیٰ کہ جب گورنر سندھ بنے تو بھی پانچ یونی ورسٹیوں کو چارٹر دئیے۔ اُن کی پاکستان ہجرت ہم سب پر احسان ہے کیونکہ اُن کے قائم کردہ ادارے آج بھی ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔وہ سرسید احمد خان کے جانشین تھے۔

کرنل (ر) مختار احمد بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو ہیں۔ قائد اعظم کے بعد اُنہوں نے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کیا۔ عالمی طاقتیں پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے خوش نہیں تھیں۔ تمام مشکلات کے باوجود پاکستان نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سربراہی میں اپنا ایٹمی پروگرام جاری رکھا۔ ہمیں اپنے قومی ہیروز کی قدر کرنی چاہیے۔

شہید حکیم محمد سعید نیک سیرت اور بلند افکار رکھنے والے محب وطن تھے۔سب جانتے ہیں کہ اُنہیں کس نے مارامگر کوئی آوازاُٹھانےکا حوصلہ نہیں رکھتا۔اُنہوںنے قوم کی خدمت کی ، لیکن اُنہیں انصاف نہیں ملا۔

جسٹس (ر) ضیا پرویز نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان پاکستان کو اللہ کا تحفہ تھے۔اگر ہمیں درست معنوں میں ڈاکٹر قدیر کی خدمات کا اندازہ لگانا ہے تو ہمیں اُن کی خدمات کا احاطہ کرنا ہوگا۔ اگر وہ نہ ہوتے تو آج پاکستان نیوکلیئر پاور بھی نہ ہوتا۔یہ اُن کا ہم پر احسان ہے۔