ہمدرد فاؤنڈیشن کے زیرانتظام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا ماہانہ اجلاس

کراچی (نمائندہ رنگ نو)ہمدرد فائونڈیشن کے زیرانتظام ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کا ماہانہ اجلاس ’’اس دور میں تعلیم ہےامراض ملّت کی دوا ‘‘ کے

موضوع پر گزشتہ روز بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں منعقد ہوا ، جس میں وفاقی اردو یونی ورسٹی کے شعبہ ابلاغ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اوجِ کمال صاحب کو بہ طور مہمان خصوصی تھے۔ قومی صدر ہمدرد نونہال اسمبلی محترمہ سعدیہ راشد نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

پروفیسر ڈاکٹر اوج کمال نے اپنے خطاب میں ادارہ ہمدرد، بانی شہید حکیم محمد سعید اور محترمہ سعدیہ راشد کو اُن کی قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمدرد پاکستان نسب و نسق اور بہترین طریقہ تعلیم و تربیت سے ملک کے معماروں کی تعمیر میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔شہید حکیم محمد سعید کے قائم کردہ بیت الحکمہ (لائبریری) اور جامعہ ہمدرد میں مشرقی و مغربی علوم کی بیک وقت تدریس ایک عظیم کارنامہ ہے۔ تعلیم وہی احسن ہے جس میں تربیت کا عنصر واضح ہو۔ اُنہوں نے کہا ہر فرد جو تدریس سے وابستہ ہو ماہر تعلیم نہیں، یہ اعزاز اُن عظیم شخصیات کا خاصہ ہے ، جو تعلیم کے لیے معاشرے کو سوچ فراہم کرتے ہیںاور تعلیمی ادارہ قا ئم کرتے ہیں بلاشبہ شہید حکیم محمد سعید ماہر تعلیم تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ہمدرد نونہال اسمبلی میں بچوں کے اعتماد و وقار کو دیکھ کر بہت مسرت ہوئی۔ پاکستان کے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے ہمیں اُس طرز پر کام کرنا ہوگا جیسا مغرب میں ہورہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ ان بچوں کو مغرب کی طرز پر اپنا لے ، تاکہ یہ فکر ِ معاش سے آزاد ہوکر مستقبل میں ملک میں جدید علوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ ادارہ ہمدرد بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کررہا ہے۔ حکومت وقت کو چاہیے کہ مدینۃ الحکمہ کے ساتھ تعاون بڑھائے۔ محترمہ سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال مملکت خداداد کے لیے ایک ایسے بے مثال فکری راہنما اور مدبر ہیں جنہوںنے مسلمانوں میںذہنی و معاشی غلامی کے طوق توڑنے کا درس دیا۔ دور ِ حاضر میں کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی اور خوش حالی کا حصول تو ایک طرف، بلکہ اپنی آزادی بھی برقرار نہیں رکھ سکتی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حکیم الامت علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کی زبوں حالی کو ایک مرض کی طرح محسوس کیا اور اس کے علاج کے لیے جو شافی نسخہ تجویز کیا وہی ہماری تمام پریشانیوں کا علاج ہے۔ قبل ازیں اسمبلی کے اجلاس کا باضابطہ آغاز ہمدرد پبلک اسکول کے طالب علم حافظ ریان حسین غوری کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ ولیج اسکول کی طالبہ یسریٰ آصف نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔

 نونہال مقررین سبحانہ بشیر، سید محمد مدثر، نویرہ سعید ، فاطمہ صدیقی اور سیدہ ماہین شاہد نے موضوع پر اپنی تقاریر میں کہا کہ ہمدرد نونہال اسمبلی کا موضوع علامہ اقبال کی فکر کی ترجمانی کرتا ہے۔علامہ اقبال علم کو نوجوان مسلمان کے لیے معرفت الٰہی تجویز کرتے تھے۔ تعلیم یافتہ نسل ملک کی بقاء کی ضمانت ہوتی ہے۔تعلیم سے انسانی فکر کی افزائش ہوتی ہے اور اچھا معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔

اسمبلی کے اجلاس میں میزبانی کے فرائض اسپیکر فصیحہ گل نے ادا کیے۔ قائد ایوان لائبہ ارسلان اور قائد حزب اختلاف کامران صدیقی نے بھی موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اجلاس کے اختتام میں ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے ٹیبلو ، کلام ِ اقبال اور دعائے سعید پیش کیے۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر اوجِ کمال صاحب اور محترمہ سعدیہ راشد نے نونہالوں میں انعامات تقسیم کیے۔