
اسلام آباد ( ویب ڈیسک)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ہمیں کسی سے نہیں لوگوں سے اشارے مل رہے ہیں،تبدیلی کی باتیں اب کراچی میں بھی
سنی جا رہی ہے۔پی ٹی آئی حکومت کے آخری دن شروع ہوچکے ہیں، کہتے ہیں ہم ڈوب رہے ہیں تمہیں بھی لے کر ڈوبیں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ نیب نے صرف سیاستدانوں اوراچھے لوگوں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ اب کمزور دل کے لوگ سیاست میں نہیں آئیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل میں مردم شماری کا معاملہ چیلنج کیا تھا۔ سندھ کابینہ نے معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوایا ہے،سندھ کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے۔ آگ بگولہ ہونا مسئلے کا حل نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ سندھ کے ساتھ ناانصافی کرنے کا معاملہ اٹھایا توآگ بگولہ ہوجاتے ہیں۔ صوبے میں اگرکوئی اچھا کام کررہا ہوتا ہے تواس کو وہاں سے نکال لیا جاتا ہے۔ میری منظوری کے بغیر تبادلے کردیے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپیکرقومی اسمبلی نے ہماری درخواست پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نہیں بلایا۔ بجلی کی وافر موجودگی کا وفاق نے دعویٰ کر رکھا تھا، اس معاملے کو بھی ہم نے چیلنج کیا تھا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ نا اہل لوگ آئین کی پامالی کر رہے ہیں۔ نااہل، ناسمجھ لوگوں کا مجمع جمع ہو گیاہے۔ عوام وفاقی حکومت سے جان چھڑوانا چاہتی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اسدعمرپرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ سناہے کہ اسلام آباد کے صحافیوں کی کُٹ کا نمبرآنے والا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالی صحافیوں کو کُٹ سے بچا کررکھے۔انھوں نے کہا کہ آج پھرنیب ریفرنس نوری آباد کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب قوانین کے بارے میں کنفوڑن کی وجہ سے سماعت نہیں ہورہی۔احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نےنوری آباد پاورپلانٹ کی آڑ میں مبینہ لانڈرنگ کے ریفرنس کی سماعت کی۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ملزمان کی کمرہ عدالت میں حاضریاں لگائی گئیں ،جبکہ شریک ملزم حسن رضا اورشریک ملزم سلطان فاروق بھی خرابی صحت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔احتساب عدالت کے جج نے ملزمان کی میڈیکل رپورٹس طلب کیں۔ شریک ملزم کی بریت کی درخواست پرنیب نے جواب دائر کیا۔احتساب عدالت نے سماعت کی مزید کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔




































