پہلے انتخابی اصلاحات پھر الیکشن ہوں تا کہ دھاندلی نہ ہوسکے، فضل الرحمان

اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ

پہلے انتخابی اصلاحات کی جائیں پھر الیکشن ہوں تا کہ دھاندلی نہ ہوسکے، اپوزیشن کی رائے نہیں لی گئی اور اسمبلی تحلیل کردی گئیں اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جائے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ خود کو وزیر اعظم کہہ سکیں یا سرکاری وسائل استعمال کریں، صدر مملکت کو باور کرادینا چاہتاہوں کہ پارلیمنٹ اور عوام کا موڈ آپ کے مواخذے کا بھی ہے۔انہوں نے ڈاکڑ عارف علوی کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ بھی اسی ناجائز اور تسلط پر مبنی ریجیم کا حصہ ہیں، صدر نے بھی کچھ نہیں دیکھا اور فورا اسمبلی تحلیل کردی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے مراسلہ(خط) کو سیکیورٹی کمیٹی کے راز کو جس طرح افشاں کیا تم نے حلف سے غداری کی ہمارے اداروں کو سوچنا ہوگا کہ پاکستان مفروضوں پر مبنی الزامات اور پاکستان کی وفا دار قیادت کو غداری کی طرف کے نتائج کیا ہوں گے۔
انہو ں نے کہاکہ چاہتے ہیں انتخابات ہوں لیکن آئین مجروح ہوچکا ہے، شفاف الیکشن کی ضمانت کیلئے اصلاحات کرائی جائیں، ماحول میں الیکشن میں جانے کا مطلب گدلے پانی میں جانا ہے، بالکل بھی نرم رویہ اختیارنہیں کرسکتے۔ مولاناکا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ایک آئینی بحران برپا کر دیا گیا ہے، ڈپٹی سپیکر نے وزیر اعظم کی کی ایماپر غیر آئینی رولنگ دی، عمران خان نے قومی اسمبلی کو تحلیل کر دیا، صدر نے بھی نہ آ دیکھا نہ تا دیکھا اور اسمبلی کو تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ملک اس وقت ایک آئینی بحران میں ہے، آخری اور اٹل مطالبہ یہ ہے اور عدالت سے التجا ہے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو مسترد قرار دیا جائے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حق دیا جائے، 2018 کی حکومت دھاندلی سے بنی، پہلے انتخابی اصلاحات کی جائیں پھر الیکشن ہوں تاکہ دھاندلی نہ ہو، عمران نے مفروضے کی بنیاد پر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو بنیاد بنا کر اسمبلی تحلیل کر دی، یہ کھیل ناقابل برداشت ہے اس کھیل کو نہیں چلنے دیں گے، نااہل اور نالائق حکمران کو منہ کے بل پھینک دیا جس وہ اب اٹھ نہیں پائے گا، تم لوگ کبھی، کبھی نوجوانوں کو سڑکوں پر بلاتے ہو ان کو بلوں میں بھی جگہ نہیں ملے گی، خط کے پیچھے چھپنے کی کوشش مت کرو، ساڑھے تین سالہ کی اپنی کارکردگی بتا۔ یہ کھیل نہیں چلیں گے، ہم تمہارا مقابلہ کریں گے۔