
کراچی (رپورٹ:بنت عبدالمجید/ نمائندہ رنگ نو)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے باغ جناح میں جماعت اسلامی
کراچی کے تحت خواتین کے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی خواتین حکمرانوں سے باعزت ٹرانسپورٹ، امن و امان و تحفظ اور بنیادی مسائل کا حل مانگ رہی ہیں۔ بھاری بھاری مینڈیٹ لینے والی جماعتوں نے سب سے زیادہ استحصال خواتین کا ہی کیا۔ ان کے حقوق غضب کیے۔ حقوق کراچی تحریک پورے پاکستان کی تحریک ہے۔ کراچی کی مائیں بہنیں حق دو کراچی تحریک کو گلی گلی میں مزید تیز کریں۔
جلسہ سے جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری عطیہ نثا ر،سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب، ناظمہ کراچی اسماء سفیر،نائب ناظمہ ثناعلیم، سیکریٹری اطلاعات ثمرین احمد ودیگر نےبھی خطاب کیا،جبکہ اسکول کی ایک طالبہ مناحل نور نے کراچی کی کہانی کے موضوع پر پُرجوش تقریرکی۔حلقہ خواتین پاکستان کی ڈپٹی سکریٹری رعنا فضل، معتمدہ سندھ عظمیٰ عمران،معتمدہ کراچی فرح عمران بھی موجود تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ سندھ حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے،بلدیاتی انتخابات بھی کروائیں گے اور شہریوں کو ان کے حقوق بھی دلوائیں گے۔جماعت اسلامی کا میئر اورمنتخب بلدیاتی نمائندے اہل کراچی کے گھمبیر مسائل حل کروائیں گے، کراچی پورا پاکستان چلاتا ہےلیکن کوئی حکومت اور حکمران پارٹی اسے اون کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اس ظلم کے خلاف سب کو اٹھنا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ شہر میں صنعتی علاقوں میں روزانہ ہزاروں، لاکھوں خواتین اپنےمعاش کے حصول کے لیے جاتی ہیں اور ٹھیکیداری نظام کے شکنجے میں جکڑی ہوئی ہیں، ہم ان تمام ملازمت پیشہ خواتین کو ان کے جائز اور قانونی حقوق دلائیں گے۔ شہر میں ٹرانسپورٹ کا کوئی نظام نہیں اور ہماری مائیں، بہنیں چنگ چی رکشوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں اور روزانہ جس اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ بڑا ظلم ہے، نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے کراچی کے لیے 362 بسیں چلائیں لائٹ ٹرین کا منصوبہ پیش کیا جس پر بعد میں کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا اور ساری بسیں بھی غائب ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی صوبائی حکومتیں نعرے اوردعوے توبہت کرتی ہیں لیکن انہوں نے کراچی کے عوا کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔چھ سال میں ایک گرین لائین بنائی اور وہ بھی ادھوری چل رہی ہے، اورنج لائین جو چند کلو میٹر کی ہے اس سے بھی عوام کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوا۔ ہم شہر میں ایک بہتر اور موثر ٹرانسپورٹ کا نظام بنائیں گے تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کے مسائل بھی حل ہو سکیں اور کراچی کے شہری بھی خستہ حال بسوں اورچنگ چی رکشوں سے نجات حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں تقریباً 20فیصد لڑکیاں ایسی ہیں جو تعلیم حاصل کرنے کی عمر رکھتی ہیں لیکن اسکول جانے سے محروم ہیں، تعلیم کے لیے مختص اربوں روپے حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کی نذر ہو جاتے ہیں
انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کورسز کروائے جائیں گے۔ان کو باصلاحیت اوربا اعتماد بنائیں گے۔ خواتین کو آئی ٹی کورسز کروانے کے بعد ان کو گھر بیٹھے آمدنی کا انتظام کروائیں گے۔ تعلیم مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے، سرکاری سطح پر تعلیم کا کوئی نظام ہی موجود نہیں ہے۔ جماعت اسلامی نے عزم کیا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو پڑھائیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔ ہم وکیشنل تعلیم کے کورسز بھی کراے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اگر جماعت اسلامی کو موقع ملا اور کے ایم سی میں ہمارا میئر آیا تو ہمارا ہدف ہے کہ 4سال میں 10لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کرایا جائے گا۔ کراچی کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے۔














