کینسر کے عالمی دن پر الخدمت کے تحت سیمینار اور واک کا اہتمام

کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )کینسرسے متعلق آگاہی کے عالمی دن پر الخدمت کراچی کے تحت ،پیما کے اشتراک سے الخدمت ہسپتال ناظم آباد میں ہفتے کی صبح

سیمینار منعقد کیا گیاجبکہ واک کا بھی اہتمام کیا گیا ،جس میں الخدمت کےذمہ داران ،ڈاکٹر ز،پیرا میڈیکل اسٹاف ، مریضوں اور ان کے لو احقین نے شرکت کی ۔

سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ "کینسرکی بروقت تشخیص سے اس موذی مرض کاعلاج ممکن ہے"۔ ماہرین نے نوجوانوں میں پان، گٹکا اور تمباکو کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور نوجوانوں کو ایسی اشیاءکے استعمال سےدور رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔

ماہرین نے کینسر کے پھیلاؤ، اس کی وجوہات اور احتیاطی تدابیر بھی بیان کیں اور لوگوں کو کسی بھی علامت کی صورت میں ماہر ڈاکٹرز رجوع کر نے کا بھی مشورہ دیا ۔ سینئر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فراز عالم نے کہاکہ ”کینسر جسم میں غیر معمولی بے قابو خلیوں کی نشوونما کرتا ہے جبکہ ان کے پھیلاؤکے سنگین نتائج ہوتے ہیں۔

کنسلٹنٹ ہیماٹالوجسٹ ڈاکٹر سحر رشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اینٹی آکسیڈنٹس والی خوراک کے استعمال کی تجویز دی۔ ڈاکٹر سارہ فاطمہ، کنسلٹنٹ ریڈیولوجسٹ نے حاضرین کو کینسر کی جلد تشخیص، اسکریننگ اور تشخیص کیلئے الٹراساؤنڈ اور تشخیصی ٹیسٹ کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے الخدمت فارمیسی سروسز کی ڈاکٹر شاہدہ نے کینسر کے مریضوں کے علاج میں فارماسسٹ کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دریں اثنا ءکینسر کے بارے میں شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے اوراس مہلک بیماری کا جلد پتہ لگانے اور علاج کے حوالے سے آگاہی واک کابھی اہتمام کیا گیا ۔