ٹماٹر کی قیمتیں آسمان پرپہنچ گئیں،300روپے فی کلو کی حد عبور

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ایران سے درآمد کے باوجود پاکستان میں ٹماٹر کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں اور مختلف شہروں میں

فی کلو ٹما ٹر300روپے کی حد عبور کرگیا۔
ایران سے ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لے کر 4 ٹریلر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچے، جب کہ تفتان پہنچنے والے 9 ٹریلر بھی ایک دو روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔حکومت نے ٹماٹر کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر درآمدکرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا۔
کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنے والے ٹریلروں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے، ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔ایران سے ٹماٹر پاکستان پہنچنا شروع تو ہوگیا ہے لیکن ایرانی ٹماٹروں کی کھیپ بھی اس کی قیمت کو استحکام نہیں دے سکی۔
کراچی میں ٹماٹر 280 روپے سے لے کر 300 روپے سے زائد کی فی کلو قیمت میں فروخت ہورہا ہے۔خریداروں کا کہنا ہے کہ اس قیمت پر ٹماٹر کی خریداری سب کے بس کی بات نہیں ہے۔ اس لیے وہ پاکستانی کچا ٹماٹر خرید رہے ہیں، جس کی قیمت 120روپے کلو ہے۔واضح رہے کہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 320روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے.