کورونا مریضوں کی تعداد 4ہزار سے بڑھ گئی:مراد علی شاہ

کراچی(ویب ڈیسک)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی

مجموعی تعداد 4ہزار 232 ہوگئی ہے،2 ہزار 599ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 287 رپورٹ مثبت آئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گذشتہ روز3 مریض انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد صوبہ میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 78 ہوگئی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 3ہزار 352مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 2ہزار 146مریض گھروں میں زیر علاج ہیں جبکہ 767 مریض آئسولیشن سینٹرز اور 439 اسپتالوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہگذشتہ روز 30 مریض صحتیاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں، صوبے میں اب تک وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضلع وسطی سے 32،ضلع شرقی سے 57،ضلع جنوبی سے 79،ضلع غربی سے 18،ملیر سے 8 اور کورنگی سے 5 نئے کیسز آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں 17،حیدر آباد میں 13، شکار پور میں 11 اور سکھر میں 7نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ماہ رمضان شروع ہوچکا ہے اور گرمی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے،عوام سے درخواست ہے کہ اپنے گھروں میں رہیں، اپنے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں اور اپنا خیال رکھیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آپ کی زندگی ہمیں بہت عزیز ہے۔ وہ اپنا خاص خیال رکھیں۔