
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام )الخدمت کراچی شہریوں کیلئے جدید ڈائیگنوسٹک کمپلیکس تعمیرکررہی ہے ۔ کمپلیکس پر تعمیراتی کام
تیزی سےجاری ہیں اوراس پر 55کروڑ روپے کی لاگت آئےگی، جبکہ یہ مارچ 2022میں آپریشنل ہوگا ۔
کمپلیکس میں میڈیکل اور کوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ساتھ ساتھ شہریوں کو الٹراسآۤؤنڈ ،ایکسرے ،سی ٹی اسکین ،ایم آرآئی اور میمو گرافی سمیت ٹیسٹ کی دیگر سہولتیں ارزاں نرخوں پر میسر آئیں گی۔الخدمت کی جانب سے اس میگا پراجیکٹ کو جلد مکمل کر نے کیلئے معززین شہر کے ساتھ مل کر ایک بورڈ قائم کیاگیا ہے ،جو اس کے تعمیراتی کاموں اور دیگر امور کی نگرانی کر ے گا ۔
اس سلسلے میں الخدمت کے مرکز ی دفتر میں جدید ڈائیگنوسٹک کمپلیکس کیلئے تشکیل دیئے گئے بورڈ کا خصوصی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت بورڈ کے چیئر مین اور معروف صنعت کا رہارون قاسم نے کی ،جبکہ صدر بورڈ حافظ نعیم الرحمن بھی خصوصی طور پر شریک تھے ۔
اجلاس میں سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر عظیم الدین، اراکین بورڈ نوید علی بیگ ،ڈاکٹر کاشف شازلی ،سہیل عزیز ،اظفر احمد ،ڈاکٹر نائلہ طارق،ڈاکٹرعمرانہ منصوراور نویدہ انیس نے شرکت کی ۔اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر نائلہ طارق نے الخدمت ڈائیگنوسٹک سینٹر کی ایک سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی،جبکہ سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر عظیم الدین نے میگا پراجیکٹ پر جاری کاموں کی رپورٹ پیش کی ۔
اس موقع پر تمام ارکان کی جانب سے میگا پراجیکٹ پر جاری کام اور کارکردگی کو سراہا گیا اور اس ضمن میں اپنے تعاون اور مکمل معاونت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ۔
یاد رہے الخدمت صحت کے شعبے میں بھرپور کام کر رہے اور اس کے تحت کراچی شہر میں اسپتال ،کلینکس اور ڈائیگنو سٹک سینٹرکے ساتھ کوڈ لیب بھی لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے ،کمپلیکس میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتیں الخدمت کے ڈائیگنوسٹک سینٹر پر دستیاب نہیں تھیں ،شہری کمپلیکس کی تعمیر کے بعد ضروری اور مہنگے ٹیسٹوں کی سہولت ارزاں نرخوں پر حاصل کر سکیں گے ۔














