بلوچستان:ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ،8 افراد جاں بحق،15 زخمی

چمن (ویب ڈیسک)صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن کے مال روڈ پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 15

زخمی ہو گئے۔دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا۔
نامعلوم دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کر رکھا تھا اس دوران یہاں سے اینٹی نارکوٹکس فورس کی گاڑی گزر رہی تھی کہ دہشت گردوں نے انکو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 8 شہری شہید اور15 زخمی ہوگئے اور زخمیوں میں انٹی نارکوٹکس فورس کے بھی دو اہلکار شامل ہیں۔واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعہ سے متعلق شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیا۔ دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔ سول ہسپتال چمن میں جگہ کم پڑنے کے سبب شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ چکی ہے اور اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔۔پولیس افسر محسن نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔سسٹنٹ کمشنر ذکا اللہ درانی نے کہا کہ دھماکے میں انسداد منشیات کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔وزیر اعظم عمران خان نے چمن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔