
دبئی (ویب ڈیسک) دبئی میں کورونا وائرس کے دوران خدمات انجام دینے والے غیر ملکی ڈاکٹرز کے لئے گولڈن ویزے کا اعلان کردیا گیا ہے۔العریبیہ نیوز
کے مطابق دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کورونا وائرس کے دوران دبئی ہیلتھ اتھارٹی کے لیے کام کرنے والے غیر ملکی ڈاکٹرز کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے 10 سال کے گولڈن ویزے کا اعلان کردیا ہے۔
شیخ محمد بن راشد نے امارات میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے اور کوروناوائرس کے مریضوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنے پر طبی عملے، نرسنگ اسٹاف اور ایڈمنسٹریٹو عملے کی کاشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد اس بحران پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔
دبئی نے گزشتہ سال بھی غیر ملکی ڈاکٹرز، سائنسدانوں اور سرمایہ کاروں کے لیے گولڈن ویزے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہائش کے لیے مستقل ویزہ جاری نہیں دیا جاتا جس کی وجہ سے حکومت نے مختلف شعبوں میں کارکردگی دکھانے والے غیر ملکی شہریوں کی خدمات کے اعتراف میں گولڈن ویزے کی کیٹیگری متعارف کرائی تھی جو ایک طویل مدتی 10 سالہ ویزہ ہوتا ہے جبکہ اسے 10 سال مکمل ہونے پر مزید 10 سال کے لیے بھی توسیع دی جاسکتی ہے۔














