کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 150 ملین یورو کی پیشکش

اسلام آباد (ویب ڈیسک) یورپی یونین کی سفیر نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 150 ملین یورو کی پیشکش کی ہے۔ یہ

پیشکش انہوں نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ملاقات میں کی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یورپین یونین کی سفیر اینڈرولا کیمینارا نے وزیر داخلہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر ہالینڈ اور چیک رپبلک کے سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یورپی یونین کی سفیر نے کورونا سے مقابلہ کرنے کیلئے 150 ملین یورو کی امداد کی پیشکش کی۔ اس رقم سے کورونا سے متاثرہ پاکستانیوں کی مدد کی جا سکے گی۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں ہمارے عوام کیلئے امداد اور سہولت دینے پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کو جلد پورا کرنے میں مکمل تعاون کریں گے۔