
واشنگٹن (ویب ڈیسک ) امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور طالبان
کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر ووٹنگ کرے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے ذریعے افغانستان میں قیام امن کی راہ ہموار ہو گی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف ممالک کے ساتھ تفصیلی گفت گو کے بعد سلامتی کونسل سے اس معاہدے پر ووٹنگ کے لیے کہا گیا ہے۔ سلامتی کونسل میں یہ قرارداد ایک ایسے موقع پر پیش کی جا رہی ہے، جب افغانستان میں گزشتہ روز دو مختلف تقاریب میں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ نے صدارت کے منصب کا حلف اٹھایا ہے۔ دوسری جانب فروری کی 29 تاریخ کو طے پانے والے اس معاہدے کے بعد افغانستان سے امریکا فوج کا مرحلہ وار انخلا شروع ہو گیا ہے۔














