پاکستانیوں سمیت تمام اقامہ ہولڈرز کو سعودی عرب سے واپسی کیلئے 72 گھنٹے کا نوٹس

 ریاض(ویب ڈیسک )کورونا وائرس کے باعث سعودی عرب نے یورپی یونین سمیت 12 نئے ممالک پر

سفری پابندی عائد کرتے ہوئے پاکستانیوں سمیت تمام اقامہ ہولڈرز کو ملک میں واپسی کیلئے 72 گھنٹے کا نوٹس دے دیا۔سعودی محکمہ داخلہ کی ہدایات کے مطابق تمام رہائشی اور اقامہ ہولڈر کو واپسی کیلئے 72 گھنٹے دے دئیے۔

نوٹس کے مطابق اسی دورانیے میں تمام عمرہ زائرین کو بھی ملک چھوڑنے کی ہدایات کی گئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے تمام رہائشی ، اقامہ ہولڈراور عمرہ زائرین کو واپسی کے لیے 72 گھنٹے دیے ہیں جس کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ نے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن نے پاکستانیوں کی سعودی عرب سے واپسی کے لیے ہنگامی انتظامات کرلیے ہیں۔سعودی حکومت کے اعلان کے بعد پی آئی اے نے تین خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق ایک پرواز پی کے 763/764 اسلام آباد سے جدہ بروز اتوار چلائی جائے گی۔دوسری پرواز پی کے 717/718 کراچی سے مدینہ منورہ بروز ہفتہ چلائی جائے گی جبکہ تیسری پرواز پی کے 767/768 کراچی سے جدہ بروز ہفتہ چکائی جائے گی ،پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ جان کا کہنا ہے ضرورت کے مطابق پروازوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، تمام مسافر حضرات جو پابندی کی وجہ سے سفر کرنا چاہتے ہوں فوری طور پر پی آئی اے کے دفاتر سے رابطہ کریں۔دوسری جانب پاکستان میں سعودی عرب کے سفارخانے نے کہا ہے کہ کروناوائر س کے باعث سعودی حکومت نے عارضی طور پر اپنے شہریوں اورغیرملکی مقیم افراد کے سفر پر پابندی لگادی ہے۔