یہ وقت عالمی ادارہ صحت کیلئے امریکی امداد روکنے یا کمی کا نہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ یہ وقت عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی امداد

روکنے یا اس میں کمی کا نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی امداد کو روکنے کے بیان کے ردعمل میں کہا کہ یہ وقت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں عالمی ادارہ صحت یا کسی بھی انسانی تنظیم کی سرگرمیوں کے لیے وسائل میں کمی کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت اتحاد و یکجہتی اور بین الاقوامی برادی کے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے نتائج کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اپنے عملے کے ہزاروں ارکان کے ساتھ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی منتقلی کو محدود کرنے کے لئے رکن ریاستوں اور ان کے معاشروں خاص طور پر زیادہ کمزور ممالک کی رہنمائی، تربیت، طبی سازو سامان کی فراہمی کے زریعے مدد اور معاونت کر رہا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کے لیے امداد نہیں رکنی چاہیے۔