
سری نگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام کے علاقے
Arrehمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت بھارتی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع راجوری کے علاقوں ڈوڈاسن پائین اور ڈوڈا سن بالا میں بھی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیاہے۔
آخری اطلاعات تک کولگام اور راجوری کے علاقو ں میں بھارتی فوج کے آپریشن جاری تھے۔ دریں اثنا ء کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طر ف جاری کی جانے والی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ تنازعہ کشمیر مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگیوں پر بہت بھاری ثابت ہو رہا ہے اور اس تنازعے نے گزشتہ سات دہائیوں کے دوران بالعموم جبکہ 1989 سے لے کر اب تک بالخصوس لوگوں کی زندگی کے ہر پہلو پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں لوگ انسانی حقوق کے بغیر زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے ان کی تمام بنیادی آزادیاں سلب کررکھی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں لوگوں کا قتل، ماورائے عدالت پھانسیاں، گرفتاریاں، تشدد، پرامن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال، املاک کی تباہی اور خواتین کی آبروریزی معمول بن چکا ہے۔














