بیروت دھماکہ، ایک پاکستانی زخمی، سفارت خانے کی عمارت کو معمولی نقصان

بیروت (ویب ڈیسک) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے سے پاکستانی سفارت خانے کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔

بیروت میں مقیم پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ دھماکے کے مقام سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، سفارت خانے کے ایک حصے کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔
سفارتی حکام کے مطابق دھماکے سے ایک پاکستانی شہری کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے جو بلڈنگ کا شیشہ ٹوٹ کر گرنے سے زخمی ہوا ہے۔سفارتی حکام نے بتایا ہے کہ بیروت میں 600 کے قریب پاکستانی مقیم ہیں۔زیادہ تر پاکستانی بیروت کے پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور جن علاقوں میں رہائش پذیر ہیں وہ بندرگاہ سے 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
سفارتی حکام کے مطابق بیروت بم دھماکے میں ریڈ کراس کے کنٹری ہیڈ عطا درانی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ بیروت میں مقیم پاکستانیوں سے رابطے میں ہے اور پاکستانی سفارت خانے میں معلومات کے لیے ہاٹ لائن نمبر 0096176866609 بھی جاری کر دیا ہے۔