
سری نگر (ویب ڈیسک)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بی جے پی لیڈر کی طرف سے حضور نبی کریمؐ کی شان
اقدس میں گستاخی اور گاؤ رکھ شکوں کی غنڈہ گردی کے خلاف کل نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہروں کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں اس گستاخانہ اقدام اورضلع ریاسی میں گاؤ رکھ شکوں کی طرف سے دومسلمان کسانوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ان واقعات سے بھارت میں ہندوتوا فورسز کی فسطائیت اور فرقہ پرست ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوتوا فورسز یہ سب کچھ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کو اشتعال دلانے اورجواب میں جسمانی تشدد، مالی اور سیاسی طورپرانتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کر رہی ہیں۔
حریت کانفرنس نے بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی سے منسوب جعلی خطوط جاری کئے جانے کے حوالے سے کہاکہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکامی کے بعد بھارت حریت قیادت اور جدوجہد آزادی کو بدنام کرنے کیلئے مسلسل اوچھے اور غیر اخلاقی ہتھکنڈیوں پر اتر آیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ دریں اثنا آنحضورؐ کی شان اقدس کے بارے میں جموں کے بھارتیہ جنتاپارٹی کے ایک رہنما ستپال شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔














