جاپان کا کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 21.6 ملین ڈالر کی گرانٹ دینے کااعلان

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) جاپان کی حکومت نے کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو 21.6 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کااعلان

کیاہے، ان میں سے 16 لاکھ 20 ہزار ڈالر یونیسیف اور5 لاکھ 40 ہزارڈالر انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے مائیگریشن (آئی اوایم) کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ بات پاکستان میں جاپانی سفارتخانہ کی جانب سے بدھ کویہاں جاری ہونے والے بیان میں کہی گئی ہے۔
اس معاونت سے کرونا وائرس کی مریض کی جلد تشخیص اوربروقت علاج معالجہ کے حوالہ سے پاکستان کی استعدادکارمیں بہتری آئیگی۔ بیان میں کہاگیاہے کہ جاپانی حکومت کی معاونت سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ اوراس کے نتیجہ میں سماجی واقتصادی اثرات کوکم کرنے میں مددملے گی۔یونیسف اورآئی اوایم کی معاونت سے زمینی حقائق کومدنظررکھتے ہوئے اورحکومت پاکستان کی درخواست پر کرونا وائرس سے نمٹنے کے آلات اوردیگر معاون مواد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔
پاکستان میں جاپان کے سفیرمستوداکونی نوری نے کروناوائرس کے خلاف پاکستان کی حکومت اورعوام کی بھرپورکوششوں کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ عالمگیروباء پرقابوپانے کیلئے تمام ریاستوں کو ضروری اقدامات اٹھانا چاہیے۔