
بینونی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان نے انڈر-19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ابوہریرہ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت
افغانستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں روایتی حریف بھارت سے مقابلہ ہوگا۔جنوبی افریقہ کے شہر بینونی میں کھیلے گئے انڈر19 ورلڈ کپ کے نہایت اہم میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی باولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پاکستان کے طاہر حسین نے پہلی کامیابی کافی تگ و دو کے بعد ساتویں اوور میں حاصل کی جب افغان ٹیم نے 41 رنز بنائے تھے اور براہیم زدران 11 رنز بنا چکے تھے۔افغانستان کے اسکور میمں محض 5 رنز کا اضآفہ ہوا تھا تو عامر خان نے پاکستان کو ایک اور وکٹ دلادی جس کے بعد فرحان زخیل اور رحمن اللہ نے اسکور کو 72 رنز تک پہنچایا۔عامر علی نے افغانستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے فرحان کو آوٹ کیا جنہوں نے 40 رنز بنائے تھے تاہم رحمن اللہ اور عابد محمدی اسکور کو 99 رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے۔














