شاہینوں کی کینگروز کیخلاف 20سال بعدون ڈے سیریز میں فتح


لاہور(اسپورٹس ڈیسک) پاکستان نے ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام

کرلی،شاہینوں نے کینگروز کیخلاف 20 سال بعدون ڈے سیریز جیتی ہے۔
ہفتہ کولاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلےفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 42 ویں اوورز میں 210 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی، جواب میں پاکستان نے 211 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 38 ویں اوورز میں پورا کرلیا۔آسٹریلیا کی ٹیم میچ کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، فاسٹ بولرشاہین آفریدی نے پہلے اوور میں ٹریوس ہیڈ کی وکٹ حاصل کی جب کہ دوسرے اوور میں جارحانہ بلے باز اورکپتان ایرون فنچ کو حارث رﺅف نے آﺅٹ کیا۔
ان کے بعد مارنس لبوسخانے بھی 6 کے مجموعی اسکور پر حارث رف کاشکار بن گئے، مہمان ٹیم کی جانب سےایلکس کیری نے 56 اور کیمرون گرین نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی آسٹریلوی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکا تاہم 166 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے بعد سین ایبٹ وکٹ پر جم گئے اور ٹیم کا اسکور 210 رنز تک پہنچا دیا، وہ 49 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رف نے 3، محمد وسیم نے 3، شاہین نے 2 اور زاہد محمود اور افتخار نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم نے 211 رنز کا ہدف 37.5 اوورز میں حاصل کرلیا، واحد آٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہوں نے 17 بنائے۔ کپتان بابراعظم نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھلی اور امام الحق 89 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔