کرکٹ ورلڈکپ :چوتھےمیچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں افغانستان کوشکست

برسٹل (اسپورٹس ڈیسک  ) کرکٹ ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔

افغانستان کے 208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا، دونوں اوپنرز نے 96 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ایرون فنچ نصف سنچری بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے عثمان خواجہ صرف 20 رنز بناسکے، آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کے باعث آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 34.5 اوورز میں ہدف پورا کرلیا۔

قبل ازیں  افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد شہزاد اور حضرت اﷲ زازئی نے کیا تاہم دونوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔

ون ڈاؤن آنے والے رحمت شاہ اور حشمت اﷲ شاہدی نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، رحمت شاہ نے 43 اور حشمت اﷲ شاہدی نے 18 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔گلبدین نائب اور نجیب اﷲ زردان نے آسٹریلین بولنگ کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے۔

گلبدین نائب اور نجیب اﷲ زردان کے درمیان 83 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد گلبدین نائب 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ نجیب اﷲ زردان نے نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت افغانستان کی ٹیم 38.2 اوورز میں 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔