ورلڈکپ:پاکستانی شاہین پلٹ کر جھپٹ پڑے، ہائی اسکورنگ میچ میں انگلینڈ کو شکست

لندن(رنگ نو ڈاٹ کام) سرزمین انگلستان پر جاری کرکٹ کی 12ویں عالمی جنگ کے ایک اہم معرکے میں پاکستان نے شاندار کم بیک

کرتے ہوئے ورلڈکپ کے ریکارڈ ہائی اسکورنگ اور سنسنی خیز میچ میں 14رنز سے شکست دے دی۔ یوں قومی ٹیم پر چھائے ہوئے مسلسل شکستوں کے بادل بھی چھٹ گئے اور11 میچوں سے فتح کو ترسی ٹیم نے 12ویں میچ میں کامیابی کا  منہ دیکھ لیا۔ 

پیر کو ٹرینٹ برج میں ہونے والے ورلڈکپ2019 کے چھٹے  مقابلے میں پاکستان نے ٹورنامنٹ کے سب سے فیورٹ اور مشکل حریف انگلینڈ کا سامنا کیا۔یہ ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا۔ انگلینڈ نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا ۔ جبکہ پاکستان کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

ٹاس جیت کر انگلش انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اوپنرفخرزمان اور امام الحق نے پچھلے میچ کے برعکس انگلش بولرز کی شارٹ پچ گیندوں کا پراعتماد سامنا کیا اور بہتراوسط سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو 82رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔  پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخرزمان تھے جو 36رنز بناکر معین علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ 

111 کے مجموعے پر 44 رنز بنانے والے امام الحق بھی معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم  63 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد تجربہ کارآل راؤنڈرمحمد حفیظ  اورکپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 80رنز کی شراکت قائم کی۔حفیظ 62 گیندوں پر 84رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔آصف علی  14رنز بناکر واپس لوٹے۔کپتان سرفراز احمد 44 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیل کرکرس ووکس کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

وہاب ریاض  نے ایک چوکا مارا اوردوسری بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ ہوگئے۔شعیب ملک بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم اختتامی اوورز میں حسن علی نے چند جارحانہ شاٹس کھیلتے ہوئے50اوورز کے اختتام تک پاکستان کا اسکور 348 رنز تک پہنچا دیا ۔

349 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو آخری اوور میں 25 رنز درکار تھے مگر مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 333رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ میں 14رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور محمد عامر کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔محمد حفیظ کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔