
لندن: برطانیہ میں جاری 12ویں کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں ساتویں رینکنگ کی ٹیم بنگلادیش نے غیرمتوقع طورپر شاندار کارکردگی کا
مظاہرہ کرتے ٹورنامنٹ کی فیورٹ اور تیسرے رینک کی ٹیم جنوبی افریقہ کو 21رنز سے پچھاڑ دیا۔
اوول کے تاریخی میدان میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،جو ایک غلط فیصلہ ثابت ہوئی۔ جنوبی افریقن ٹیم کی بولنگ کا معیار دوسرے درجے کا دکھائی دی اور بنگلا دیشی بلے باز انہیں بڑے اطمینان اور آرام سے کھیلتےرہے۔جنوبی افریقی ٹیم نے خراب فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو اہم کیچ بھی چھوڑے۔ بنگلادیش کی طرف سے مشفیق الرحیم نے 78 جبکہ شکیب الحسن نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ان دونوں کے درمیان 142 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ اوپنر سومیا سرکار نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو چوکوں کی مدد سے 30 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔محمود اللہ نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 جبکہ مصدق حسین نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز اسکور کئے۔ جب 50اوورز کا اختتام ہوا تو بنگلادیشی ٹیم 6وکٹوں کے نقصان پر 330 کا ہندسہ اسکوربورڈ پر سجا چکی تھی ۔ یہ ورلڈکپ مقابلوں میں اب تک بنگلا دیش کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے اینڈ لے فیفلکوایو، عمران طاہر اور کرس مارس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
331رنز ہدف کے جواب میں جنوبی افریقہ کو 10ویں اوور میں پہلا نقصان کوئنٹن ڈی کاک کے رن آوٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ ایڈن مارکرام نے کپتان فاف ڈیوپلیسی کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی پارٹنرشپ میں پچاس سے زیادہ رن بنائے اور سکور 102 پر پہنچا دیا،تاہم پھر وہ بیسویں اوور میں 45 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔6 اوورز کے وقفے کے بعد کپتان ڈیو پلیسی بنگالی اسپنر مہدی حسن کی گیند پر ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد ڈیوڈ ملر اور وین ڈر ڈسن نے پچپن رن کی شراکت کی ۔ڈیوڈ ملر مہدی حسن کی گیند پر باؤنڈری مارنے کی کوشش میں کیچ آوٹ ہوگئے۔
وین ڈر ڈسن بھی رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔آل راؤنڈر جے پی ڈومینی نے میچ کو جنوبی افریقہ کے حق میں لانے کی کوشش کی لیکن وہ بھی45رنز بنانے کے بعد 48ویں اوور میں بولڈ ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی رہی سہی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔جنوبی افریقی ٹیم مقررہ اوورز تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز ہی بناسکی اوریوں میچ میں 21 رنز سے شکست اس کا مقدر ٹھہری۔ واضح رہےکہ جنوبی افریقہ کی مسلسل دوسری شکست ہے۔ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں اسے میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔














