ورلڈکپ:جنوبی افریقہ،ویسٹ انڈیز کامیچ بارش کے باعث منسوخ

لندن(رنگ نو اسپورٹس)انگلینڈ اینڈ ویلز میں جاری بارہویں کرکٹ ورلڈ کپ کا ایک اور میچ بارش کی بھینٹ چڑھ گیا۔

ایونٹ میں اب تک فتح کا منہ دیکھنے سے محروم رہنے والی ٹیم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ساؤتھمپٹن میں ہونے والا میچ موسلادھار بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

میچ منسوخ ہونے کے سبب دونوں ٹیموں کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے مسلسل تین شکستوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اپنا کھاتا کھول لیا۔

پیر کو ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقن سائیڈ کو  پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

کوئنٹن ڈی کاک کے ساتھ اوپننگ کیلئے آنے والے تجربہ کار مگر آؤٹ آف فارم ہاشم آملا ایک بارپھر ناکام ثابت ہوئے اور6رنز بنانے کے بعد شیلڈن کوٹریل کی ایکسٹرا باؤنس گیند پر سلپ میں کھڑے کرس گیل کو اپنا کیچ تھما بیٹھے۔ یوں جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 11 کے مجموعے پر گرگئی۔ان کے بعد آنے والے ایڈن مارکرم بھی ٹیم کی اننگز کو سہارا نہ دے پائے۔ کوٹریل نے کچھ ہی دیر میں دوسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے انہیں بھی5کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا اور فوجی سیلوٹ مارکر اپنا مخصوص جشن منایا۔

اس مرحلے پر یوں لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم موجودہ ورلڈ کپ میں اپنی مسلسل چوتھی شکست کی طرف چل نکلی ہے۔ تاہم ایسے میں بارش پروٹیز کیلئے رحمت بن کر نازل ہوگئی۔ آٹھواں اوور جاری تھا کہ تیسری گیند کے بعد بارش کے سبب میچ روک دیا گیا اور دونوں ٹیموں نے پویلین کی راہ لی۔ پھر بارش نے رکنے کا نام نہ لیا اوردونوں کپتانوں کی رضامندی سے  امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔