ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا؟

کراچی (رنگ نو اسپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد اب ہرشخص کے ذہن میں یہ سوال

گردش کررہاہے کہ پاکستان اب کیسے سیمی فائنل میں پہنچے گا؟

بدھ کو انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے میچ کا نتیجہ سامنے آنے کے بعد  پاکستان کا ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔ورلڈ کپ کے 41 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دے کر1992 کے بعد پہلی بار سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ انگلش ٹیم 12پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے 11پوائنٹس ہیں اوروہ یقینی طور پر چوتھی سیمی فائنلسٹ ٹیم ہے۔  

 پاکستان جمعہ کو آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش سے لارڈز کے تاریخی میدان میں مقابلہ  کرے گا۔لیکن حقائق بتاتے ہیں کہ پاکستان کا آخری چار ٹیموں کے کلب میں شامل ہونا ممکن ہی نہیں ہے۔

 پاکستان کو بنگلا دیش کے خلاف میچ تو ہر حال میں جیتنا ہے لیکن میچ جیتنے سے صرف پوائنٹس برابر ہوں گے سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو رن ریٹ کو نیوزی لینڈ سے بہتر بنانے کےلیے وہ کچھ کرنا ہو گا جو ممکن دکھائی نہیں دیتا۔

اعداد و شمار کے مطابق گرین شرٹس کو اگر ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنا ہے تو اب بات کسی کی جیت اور ہار سے نہیں بنے گی بلکہ فی الواقع لارڈز میں تاریخ ہی رقم کرنا ہوگی۔ پاکستانی شاہینوں کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بنگال ٹائیگرز کو کم سے کم 316 رنز سے شکست دینا ہوگی جو کہ بظاہر ناممکن نظر آتا ہے۔یعنی اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتا ہے اور 400 رنز بناتا ہے تو اسے بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ کرنا ہوگا۔اگر پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 350 رنز بنائے تو پھر حریف کو 39 رنز پر آؤٹ کرنا ہوگا۔اگر بنگال ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کی تو پاکستان سیمی فائنل سے باہر ہوجائے گا۔۔۔!!!