
انگلینڈ اور ویلز میں جاری کرکٹ کے 12وین عالمی مقابلوں کے ایک اہم میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو28 رنز سے
شکست دے کر اس کے سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور کردیا۔ اس کے ساتھ ہی ورلڈکپ میں بنگلا دیش کا سفر بھی ختم ہوگیا۔
ایجبسٹن میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بنگلادیش کے تمیم اقبال نے بھارتی اوپنر روہت شرما کا ایک آسان کیچ باؤنڈری کے قریب اس وقت گرادیا جب انہوں نے صرف9رنز بنائے تھے۔ روہت کو نئی زندگی دینا بنگالی ٹیم کو بہت مہنگا پڑا۔ روہت شرما نے نہ صرف سنچری اسکور کی بلکہ انڈین ٹیم کو ایک بڑا ٹوٹل بنانے کے قابل کردیا۔بھارت نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 314 رنز بنائے اسکور کئے۔
جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم48اوورز میں286رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔سیف الدین نے38گیندوں پر9چوکوں کی مدد سے51ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ شکیب الحسن 66 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ آل راؤنڈر شکیب الحسن دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ورلڈ کپ میں پانچ سو رنز اور دس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
بھارتی بلے باز روہت شرما کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اب سیمی فائنل کی دو پوزیشن کے لئے پاکستان،انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں مقابلہ ہے۔بھارت نے8میچوں میں چھٹی کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے13پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
بدھ کو میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک اور اہم ترین میچ ہوگا۔اگر نیوزی لینڈ جیت گیا تو پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لئے بنگلا دیش کو ہرانا ہوگا ۔ انگلینڈ کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو بنگلا دیش کو بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا تاکہ وہ اپنا رن ریٹ بہتر کرسکے۔














