
اسلام آباد(ویب دیسک ) برطانوی باکسر عامرخان نے آسٹریلوی باکسر کے خلاف اپنی جیت پاکستان کے نام کردی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعامرخان کا کہنا تھا کہ میری جیت پاکستان کے لئے تھی کیوں کہ میں پاکستان کے لئے کھیلا،خوشی ہوئی کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور دیگر پاکستانی فائٹ دیکھنے آئے اور داد دی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ دو ہفتے میں پاکستان جا رہے ہیں جہاں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں عامر خان اکیڈمی کا مستقبل بہت اچھا ہے ،یہاں سے ٹریننگ لینے والے لڑکے ملک کا نام روشن کریں گے
۔اس سے قبل پاکستانی نڑاد برطانوی باکسر عامر خان نے سعودی عرب میں بھی فتح کے جھنڈے گاڑ تے ہوئے پہلی بار سپر باکسنگ لیگ کے بڑے مقابلے میں آسٹریلوی باکسربلی ڈب کو ناک آئوٹ کیا۔گزشتہ جمعے کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز سٹیڈیم میں ہونے والے مقابلہ میں عامرخان نے اپنا لوہا منوایا۔
عامر خان میچ کے پہلےرائونڈ سے ہی حریف پرحاوی رہے،عامر خان نے بارہ رائونڈرز کے مقابلہ کے چوتھے راؤنڈ میں ہی آسٹریلوی باکسربلی ڈب کو ناک آئوٹ کر ڈالا۔عامر خان کی جیت پر سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجا جب کہ قومی پرچم بھی لہرا یا گیا۔
عامر خان اپنی جیت پرخوش تو تھے مگر انہوں نے بھارتی باکسر ویرت گویت سے مقابلہ نہ ہونے پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف اور وفاقی وزیر فواد چودھری نے بھی مقابلہ دیکھا،سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے عامر خان کو گلے لگایا اور مبارکباد دی۔عامر خان کا مقابلہ بھارتی باکسر ویرت گویت سے ہونا تھا مگرکار حادثے میں ویرت گویت کے زخمی ہونے پر بلی ڈب سے انہیں مقابلہ کرنا پڑا۔














