ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر بہت پرجوش ہیں،رمیز راجہ

لاہور( اسپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہےکہ  وہ دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ

کی واپسی پر بہت پرجوش ہیں، خوشی ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو ایک دہائی کے بعد اپنے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ میچ کھیلنےکا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی کھیل کی پہچان ہے مگر بدقسمتی سے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کی پاکستان واپسی میں بھی ایک طویل عرصہ لگا۔

رمیز راجہ نے  کہا کہ جو گذر گیا وہ ماضی ہوگیا اور اب ہم ایک نئی شروعات کررہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا دس قبل پیش آنےوالے واقعہ  کی پاکستان کو اس قدر بھاری قیمت اٹھانا پڑےگی۔

رمیز راجہ نے  کہا کہ یہ لمحات ان کے لیے ایسے ہی ہیں جیسے وہ ایک بار پھر پیڈ پہن کر میدان میں اترنے والے ہیں۔

ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مسرور سابق کرکٹر بازید خان کاکہنا ہےکہ یقین نہیں آرہا کہ بیس منٹ کی ڈرائیو پر ٹیسٹ میچ کھیلا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی اس بات کی ہے  کہ میچ کھیلنے والی ٹیم سری لنکا ہے۔

بازید خان نے کہا کہ امپائرز کی جانب سے ایک بار پھر پلے کی پکار کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے جشن منانے کا وقت ہے۔

سابق سری لنکن کرکٹ رسل آرنلڈ کا کہنا ہےکہ پاکستان کا شمار میرے پسندیدہ ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام بستی ہے،  یہاں ٹیسٹ کرکٹ  کی واپسی پر وہ بہت پرجوش ہیں۔

پلان کے مطابق دنیا بھر کے شائقین کرکٹ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔راولپنڈی  اور کراچی میں شیڈول 2 ٹیسٹ میچز کوایشیاء ، مڈل ایسٹ اور یوکے میں سونی اور ٹین چینلز جبکہ آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس نشر کرے گا۔ کینیڈا میں ڈی اے زی این ، کیریبین میں  ٹین کرکٹ اور سب سہاران افریقہ میں سپر اسپورٹس پر براہ راست میچز  دیکھے جاسکیں گے۔ شائقین کرکٹ ملائیشیا میں آسٹرو، شمالی امریکہ میں وِلوجبکہ پاکستان میں ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی پر میچز دیکھ سکتے ہیں۔یہ میچز www.sonyliv.com  پر بھی لائیو اسٹریم کیے جائیں گے۔