
لاہور(اسپورٹس ڈیسک )پی سی بی پیپسی انڈر 16 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو
ایک اننگز اور 55 رنز سے شکست دے دی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو عباس علی نے سنچری اسکور کی۔ وہ 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔
179 رنز کے خسارے کا شکار ناردرن کی ٹیم دوسری اننگز میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر محمد عرفان نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باؤلر محمد عمر نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں ناردرن کی ٹیم پہلی اننگز میں 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو تین لاکھ جبکہ رنرزاپ کو دو لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔خیبرپختونخوا کے عباس علی کو ایونٹ کا بہترین بلے باز جبکہ محمد عرفان کو بہترین باؤلر قرار دیا گیا۔ مین آف دی فائنل عباس علی کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قراردیا گیا۔





































