
اسلام آباد ( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ مستقبل کے نوجوانوں کھلاڑیوں کےلئے ایک اہم بنیاد ہے اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ میں روشناس کرانے کےلئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 سالہ نسیم شاہ نے حال ہی میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر خود کو ایک بین الاقوامی کرکٹر کی حیثیت سے منوایا ہے۔، اس لئے پی سی بی نے ایک عملی نقطہ نظر اختیار کے تحت فیصلہ کیا ہے کہ نسیم شاہ کو رواں سال ہونے والے آئی سی سی جونیئر ورلڈ کپ سے دستبردار کراکر کسی اور نوجوان کرکٹر کو یہ موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے 16 سالہ نوجوان فاسٹ باﺅلر نسیم شاہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یہ فیصلہ ان کی سینئر ٹیم میں کارکردگی کی بنیاد پر کیا ہے جس میں وہ 3 ٹیسٹ میں ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
سلیم جعفر کی سربراہی میں جونیئر سلیکشن پینل نے کے پی کے سے محمد وسیم جونیئر کو نسیم شاہ کے متبادل کے طور پر منتخب کیا ہے۔ انہوں نے یوتھ ایشیا کپ اور دورہ جنوبی افریقہ میں تین وکٹیں جبکہ سری لنکا کے دورہ کے دوران 7 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 2004ءاور 2006ءکے ایڈیشن کی چیمپئن پاکستان کو اسکاٹ لینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ سی میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 19 جنوری کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔














