آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز آج آسٹریلیا میں ہوگا

 

سڈنی (اسپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقائدہ آغاز

آج جمعہ سے آسٹریلیا میں ہوگا، میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
۔ عالمی کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کےلئے ایکشن میں نظر آئیں گی، میزبان ویمن ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتواں ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کل جمعہ سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کی دس ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہونگی۔ دس ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے۔
میگا ایونٹ کے 23 میچز کی میزبانی کینبرا، میلبورن، پرتھ اور سڈنی کو دی گئی ہے۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ میلبورن کرکٹ سٹیڈیم میں ایک لاکھ 24 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں میزبان آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔ میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ (آج) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا کے مقام پر کھیلے گی۔