ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ءکے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی

لاہور(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل2020ءکے شیڈول میں تبدیلی

کردی ہے‘پی سی بی نے ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیا ہے‘فیصلے کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ءکو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اب34 کی بجائے33 میچزکھیلے جائیں گے‘نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے‘۔
پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر موجود ٹیم اب ایونٹ کی چوتھی بہترین ٹیم سے دوپہر 2 بجے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل آئے گی‘ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری اورتیسری پوزیشنز پر موجود ٹیموں کے درمیان مقابلہ شام 7 بجے شروع ہوگا‘ایونٹ کا فائنل 18 مارچ بروزبدھ کو شام 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا‘ ترجمان پی سی کے مطابق بقیہ میچز کے شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔
پی سی بی اس حوالے سے پنجاب حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے‘ قذافی اسٹیڈیم میںشیڈول آئندہ چاروں میچوں میں تماشائیوں کی شرکت کے بارے میں بھی مقامی حکومت کی سفارش پر عمل کیا جائے گا‘اس حوالے سے حتمی اعلان جلد کردیا جائے گا۔