ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستان کے حیدرعلی نے سونے کا تمغہ جیت لیا

ٹوکیو(ویب ڈیسک) ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستان کے حیدرعلی نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔گوجرانوالہ کے حیدر علی نے

ٹوکیو میں جاری میگا ایونٹ میں ڈسکس تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55.26 میٹر تھرو کی جب کہ یوکرین کے مائی کولا زیب نائک نے سلور اور برازیل کے ٹیکسیرا ڈی سوزا نے برانز میڈل جیتا۔
حیدر علی کی دائیں ٹانگ پیدائشی طور پر بائیں ٹانگ سے پتلی اور چھوٹی ہے، وہ اس سے پہلے 2 بار لانگ جمپ میں میڈل لے چکے ہیں۔ انہوں نے 2008 کی بیجنگ پیرالمپکس میں سلور اور ریو پیرا لمپکس 2016 میں برانز میڈل جیتا تھا۔
ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور حیات بھٹی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے جس پر پوری قوم نازاں ہے۔
حیدر علی نے ٹوکیو پیرالمپکس میں مردوں کے ڈسکس تھرو مقابلے میں شرکت کی تھی، حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55 اعشاریہ 26 میٹر کی کامیاب تھرو کی،وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ حیدر علی، ہمیں آپ پر فخر ہے آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا اور سبز ہلالی پرچم سربلند کیا ہے۔