
اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک):پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام جاری 13 ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان واپڈا نے پاکستان نیوی کو 0-2 سے ہرا دیا۔ واپڈا کی جیت میں احمد
فہیم نے دونوں گول کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
قاسم باغ فٹ بال اسٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے میچ میں وقفے تک پاکستان واپڈا کو پاکستان نیوی کے خلاف0-1 گول کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف میں پاکستان واپڈا نے مزید ایک گول کرکے مقابلہ0-2 گول سے جیت لیا۔
کھیل کے پہلے ہاف کے39 ویں منٹ میں پاکستان واپڈا کے احمد فہیم نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کو 86 ویں منٹ میں احمد فہیم نے ہی دوسرا گول کرکے مقابلہ 0-2 کردیا جو میچ کے اختتام تک جاری رہا جبکہ میچ کے دوران پاکستان نیوی کے کھلاڑی کوئی بھی گول نہ کر سکے ۔لیگ آج ہفتہ کو سوئی سدرن گیس کمپنی کا مقابلہ لائل پور کلب سے ہوگا۔














