قومی ویمن والی بال چیمپئن شپ 21 ستمبر سے شروع ہوگی

اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ویمن والی بال چیمپئن شپ21 ستمبر سے کراچی میں شروع ہوگی جس میں

پاکستان واپڈا کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل انجینئر شاہ نعیم ظفر نے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان پولیس، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور اسلام آباد شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منیجرز کی میٹنگ 20 ستمبر کو ہوگی ،جس میں چیمپئن شپ کے قوانین کے بارے میں آگاہ اورڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔